ملک بھر میں طوفانی بارشوں سے کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، محکمہ موسمیات نے آج بھی مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر قائد میں کل سے 7 اپریل تک مزید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک اور تیز آندھی کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ ماہرین کے مطابق بارشوں کا ایک نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جو مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا۔ اسلام آباد میں اولے پڑے اور بارش سے موسم سرد ہوگیا، آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دوپہر کے بعد چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک جاری رہ سکتا ہے۔ حالیہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،صبح کے وقت درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دن میں 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہواؤں کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 72 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہ سکتا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، مری،سرگودھا،گجرات، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی تیز بارش ہوئی،میانوالی میں کنڈل چھرا والا کے مقام پر دریائے کرم میں طغیانی سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی، پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ لاہور میں آج موسم صاف رہنے اور بارش کا کوئی امکان نہیں،شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے،ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 90 فیصد ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ناران، سوات، بابو سرٹاپ اورنانگا پربت پر وقفے وقفے سے برف باری ہو رہی ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش ہوئی، پارا چنار میں دریائے کرم پر پل سے ملحق سڑک پانی میں بہہ گئی، مکان کی چھت اور آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ خیبر میں پاک افغان شاہراہ پر گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ ادھر بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری نے موسم مزید سرد کردیا ہے، مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق بھی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 6 سے 9 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے پیشِ نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

Comments
Post a Comment