کراچی دلخراش واقعہ: شادی کی رات حواس باختہ شوہر نے

کراچی ایک بار پھر ظلم و بربریت کی ایک اور لرزہ خیز داستان بن گیا۔ 19 سالہ شانتی نامی لڑکی، جو ابھی چند دن پہلے دلہن بنی تھی، اپنے ہی شوہر اشوک کے ہاتھوں درندگی کا نشانہ بن کر زندگی کی بازی ہار گئی۔

اطلاعات کے مطابق، شانتی کی شادی صرف ایک ماہ قبل اشوک سے ہوئی تھی۔ شادی کے محض 15 دن بعد ہی اس کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی تو گھر والے اسے واپس لے آئے۔ مگر گھر پہنچنے کے بعد جو حقیقت سامنے آئی، اس نے سب کے دل دہلا دیے۔

ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق شانتی کو غیر فطری اور وحشیانہ جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کے نازک اعضا میں لوہے کے پائپ ڈالے گئے، اس کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے، جبکہ چھاتی اور گردن پر دانتوں کے نشان پائے گئے۔ اس ظلم نے اس کے جسم کو اندر سے توڑ دیا تھا۔

شانتی کو فوری طور پر انکل سریا اسپتال منتقل کیا گیا، بعد میں اسے ٹراما سینٹر لے جایا گیا، مگر ڈاکٹروں کی تمام کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکی۔ کئی دن کی اذیت اور تکلیف کے بعد، شانتی زندگی کی جنگ ہار گئی۔

پولیس نے شوہر اشوک کو گرفتار کر لیا ہے، اور تفتیش جاری ہے۔ لیکن اس گرفتاری سے وہ زندگی واپس نہیں آ سکتی جو ظلم اور درندگی کی بھینٹ چڑھ گئی۔

شانتی کی موت نے پورے کراچی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ واقعہ ایک بار پھر اس تلخ حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ عورتیں آج بھی اپنے ہی گھر میں محفوظ نہیں۔

Comments