اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملائیشیا کے سابق وزیراعظم اور سینئر سیاستدان مہاتیر محمدکو گھر میں گرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق 99 سالہ مہاتیر محمد منگل کی صبح تقریباً 7:40 بجے اپنی رہائش گاہ پر گر گئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ (آئی جے این) منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت زیرِ علاج ہیں۔
مہاتیر محمد کے معاون سوفی یوسف کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کی حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے تاہم ڈاکٹروں کو ان کے کولہے (ہِپ) میں فریکچر کا شبہ ہے۔ ان کی حالت پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق مہاتیر محمد کو ماضی میں دل کی بیماری کا سامنا رہا ہے اور ان کی متعدد سرجریز بھی ہو چکی ہیں، جبکہ رواں برس جولائی میں بھی انہیں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ مہاتیر محمد 1981 سے 2003 اور پھر 2018 سے 2020 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے۔ وہ دو دہائیوں سے زائد عرصے تک اس عہدے پر فائز رہنے والے ملک کے طویل ترین مدت کے وزیراعظم ہیں۔

Comments
Post a Comment