اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بارش برسانے والا طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا ہے جو ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش برسائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا ہے جو آج شام سے 24 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا جب کہ پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں بھی یہ اثر انداز ہوگا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اس سسٹم کے زیر اثر صوبہ خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید بارش اور برف باری کا امکان ہے۔سوات، چترال، بونیر، شانگلہ، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور مردان میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ اس حوالے سے فیڈرل فلڈ کمیشن نے صوابی، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام میں بھی الرٹ جاری کر دیا ہے۔این ڈی ایم اے نے بھی اس حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ جس کے مطابق شدید بارشوں سے دریائے کابل اور ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ سوات، چترال، دیر، بونیر اور شانگلہ میں بھی سیلاب کا خطرہ ہے۔این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے اور حساس مقامات کی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔بارش برسانے والے اس طاقتور سسٹم کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔مری اور گلیات سمیت گرد ونواح میں بھی آج شام برفباری اور بارش کا قومی امکان ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں اور جنوبی حصوں میں بھی 22 اور 23 جنوری کو ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔

Comments
Post a Comment