کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ کراچی کے دوران جلسے میں حادثے کا شکار ہونے والا پی ٹی آئی کا کارکن جاں بحق ہوگیا۔
لیاری ایکسپریس وے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کے دوران حادثہ پیش آیا، جہاں ریلی میں شریک موٹر سائیکل پر سوار پی ٹی آئی کارکن بلال محسود گر کر شدید زخمی ہوگیا۔
ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمی پی ٹی آئی کارکن بلال محسود کو اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دن بھر زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق مقتول بلال محسود کا تعلق یوسی ون سہراب گوٹھ ٹاؤن سیون اسٹار کالونی گنا منڈی کراچی سے تھا۔
جلسے کے دوران حادثے میں جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن بلال محسود کی نماز جنازہ آج بروز منگل دوپہر 2 بجے بعد نماز ظہر مسجد نور، سیون سٹار کالونی، گنا منڈی، سہراب گوٹھ میں ادا کی گئی جس میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت، کارکنوں اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اِنَّا لِلّٰهِ وَاِنَّا اِلَيْهِ رَاجِعُونَ
نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی کے دوران زخمی ہونے والے بلال محسود انتقال کر گئے ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔…
سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف کراچی فہیم خان نے مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ بلال محسود کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سندھ کے 4 روزہ دورے کے بعد گزشتہ روز پشاور پہنچے تھے۔ سندھ کے دورے کے دوران انہوں نے کراچی، حیدرآباد اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور پارٹی کارکنوں کو سڑکوں پر تحریک کے سلسلے میں متحرک کیا۔
اپنے دورہ سندھ کے دوران انہوں نے کراچی کے جناح باغ میں جلسہ عام سے خطاب بھی کیا جس میں کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Comments
Post a Comment