اسلام آباد: سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں ووٹ ڈالنے کی عمر 25 سال کرنے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وفاقی حکومت نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز کی عمر میں اضافے سے متعلق نہ تو کوئی تجویز زیرِ غور ہے اور نہ ہی حکومت مستقبل میں ایسا کوئی اقدام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ ڈالنے کی موجودہ عمر 18 سال برقرار رہے گی اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
احسن اقبال نے کہا کہ جمہوری عمل میں نوجوانوں کی شمولیت انتہائی اہم ہے اور حکومت نوجوانوں کو سیاسی عمل سے دور کرنے کے بجائے مزید شامل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ایسی افواہیں عوام میں بے چینی پیدا کرنے کے مترادف ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت آئین کے تحت عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کی پابند ہے اور ووٹنگ کے حق سے متعلق کوئی بھی فیصلہ عوامی مفاد اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر ہی کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ حکومت ووٹ ڈالنے کی عمر 18 سے بڑھا کر 25 سال کرنے پر غور کر رہی ہے، تاہم حکومتی وضاحت کے بعد ان افواہوں کی تردید ہو گئی ہے۔

Comments
Post a Comment