اللہ سے 20 ڈالر کا سودا
یہ سچا واقعہ امریکی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
ایک لڑکی کی گاڑی نیو جرسی کی ایک ویران شاہراہ پر اچانک بند ہوگئی۔ بدقسمتی سے وہ اپنا پرس گھر بھول آئی تھی، جس میں اُس کا موبائل فون اور رقم دونوں تھے۔ سڑک سنسان تھی، نہ قریب کوئی آبادی، نہ کوئی مددگار۔ وہ حیران و پریشان کھڑی تھی کہ کیا کرے اور کس سے مدد مانگے۔
اسی لمحے اس نے قریب ایک کچرے کے ڈبے کے پاس ایک درویش صفت، بوسیدہ کپڑوں میں ملبوس بے گھر شخص کو بیٹھے دیکھا۔ وہ اٹھ کر اس کے قریب آیا اور نرمی سے بولا "بیٹی! کیا تمہیں کسی مدد کی ضرورت ہے؟"
لڑکی خوف زدہ ہوئی، جلدی سے بولی "نہیں!"
وہ خاموشی سے واپس اپنی جگہ جا بیٹھا۔
کچھ دیر گزری تو اس نے دیکھا کہ لڑکی اب بھی وہیں کھڑی ہے، پریشانی اس کے چہرے پر عیاں ہے۔ وہ دوبارہ قریب آیا اور بولا "مجھے یقین ہے تمہیں مدد چاہیے۔ ڈرو نہیں، مجھ پر بھروسہ کرو۔"
لڑکی کچھ جھجکی، پھر اس کے اصرار پر بتا دیا "میری گاڑی کا پیٹرول ختم ہوگیا ہے۔
میں پرس بھول آئی ہوں۔ اب میرے پاس موبائل فون ہے اور نہ پیسے۔"
اس غریب شخص نے سکون سے کہا "اچھا، تم گاڑی میں بیٹھ کر انتظار کرو، میں ابھی آتا ہوں۔"
لڑکی کے دل میں خوف مزید بڑھ گیا، نہ جانے وہ کہاں جا رہا ہے اور کیا کرنے والا ہے۔ مگر اب اُس کے پاس سوائے انتظار کے اور کوئی چارہ بھی نہ تھا۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد وہ واپس آیا۔ اس کے ہاتھ میں ایک بوتل تھی، جس میں پیٹرول بھرا ہوا تھا۔ اس نے خاموشی سے گاڑی کا ٹینک کھولا، پیٹرول ڈالا، پھر لڑکی کے قریب آیا اور مسکرا کر بولا "معاف کرنا، میرے پاس صرف 20 ڈالر تھے، مگر امید ہے اتنے میں تم آرام سے گھر پہنچ جاؤ گی۔
"
لڑکی کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ اس نے کہا "میرے ساتھ چلو، میں تمہیں یہ رقم واپس دوں گی۔"
وہ شخص مسکرا کر بولا "اس کی ضرورت نہیں۔ وہ 20 ڈالر ویسے بھی میرے نہیں تھے، کسی اجنبی نے دیئے تھے، بغیر مانگے۔"
لڑکی نے اس کا شکریہ ادا کیا اور گھر جا پہنچی۔ اگلے ہی دن اس نے اپنی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ لوگ اس سے بہت متاثر ہوئے اور اس لڑکی سے کہا کہ چلو، اس نیک دل آدمی کے لیے چندہ مہم چلاتے ہیں۔
پھر مہم شروع ہوگئی۔ چند ہی دنوں میں اس بے گھر شخص کے لیے ایک لاکھ ڈالر سے زاید کی رقم جمع ہوگئی تھی۔ اس رقم نے خاتون نے اس کے لیے ایک اپارٹمنٹ خریدا اور ساتھ اس روزگار کا انتظام کیا گیا۔
اس نے اپنی جیب کے آخری 20 ڈالر ایک اجنبی کے لیے قربان کر دیئے اور اللہ تعالیٰ نے اُس قربانی کے بدلے اُسے ایک لاکھ ڈالر عطا فرمائے۔
بلاشبہ کبھی کبھی انسان کو صرف خلوصِ نیت، ایثار اور انسانیت کے احترام کی ضرورت ہوتی ہے۔ باقی سب کچھ اللہ پاک کے ذمے ہے، جو نیکی کے ایک چھوٹے سے قطرے کو رحمت کے سمندر میں بدل دیتا ہدے۔
Comments
Post a Comment